|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جنا ب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اوربغیر لائسنس کے ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 6میڈیکل سٹورز ،کلینک وفارمیسی سینٹرز کے مالکان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اورغیر معیاری ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمہ میں نامزد ادویہ ساز کمپنی کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر سید محمد علی عباس کوگرفتارکرکے جیل بھیجنے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کی ادویات کی خرید وفروخت سے متعلق کیسز کی سماعت ہوئی تو عدالت نے انکاز فارما ادویہ ساز کمپنی کے خلاف دائر کیس کو اس وقت دوبارہ کھولنے کے احکامات دئیے جب اس کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر سید محمد علی عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے توڈرگ کورٹ نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قائم کیس جو سرد خانے میں تھاکوری اوپن کرکے ملزم کو جیل بھیجوانے کے احکامات صادر کئے ،انکاز فارما کیس کی سماعت 17مئی کو ہوگی۔اس کے علاوہ نیوکمپلیکس کلینک اینڈمیڈیکل سٹور کیس میں نامزد ملزم عبدالوہاب ،محمود میڈیکل سٹور خروٹ آباد کے انور ،الزین میڈیکل سٹور کے ملزم زین الدین ،ہمدرد ہسپتال فارمیسی کے شمس اللہ ،رضا خان وغیرہ کیس میں حاجی محمد یعقوب ،سپرسلیمان میڈیکل سٹور کے نیک محمد کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے اور متعلقہ پولیس کو ہدایت کی گئی کہ وہ ملزمان کو گرفتارکرکے عدالت میں پیش کرے،اس موقع پرمتعدد کیسز میں گواہان استغاثہ کے بیانات قلم بند کرکے ان پر جرح مکمل کرلی گئی بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔