روم: اٹلی کے ساحلی محافظوں نے غیر قانونی طور پر یورپ میں داخل ہونے والے 484 تارکینِ وطن کو بچالیا ہے جبکہ 7 افراد کی لاشیں سمندر سے نکالی جاچکی ہیں۔
اٹلی کے کوسٹ گارڈز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ساحلی محافظوں نے اطالوی سمندری حدود میں اطالوی بحریہ، دو نجی بحری جہازوں اور ایک امدادی گروپ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ربڑ کی چار کشتیوں پر سوار 484 تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا ہے جبکہ اس واقعے میں اب تک 7 افراد کے مرنے کی اطلاع بھی ہے۔
کوسٹ گارڈز کے مطابق بنگلہ دیش اور مختلف افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے مذکورہ تارکین وطن نے لیبیا میں انسانی اسمگلروں کو بھاری رقوم ادا کی تھیں تاکہ وہ انہیں سمندری راستے سے یورپ پہنچا سکیں۔
عالمی تنظیم برائے تارکینِ وطن کے مطابق اس سال پہلے چار مہینوں میں 45 ہزار سے زائد افراد شمالی افریقہ سے کشتیوں کے ذریعے اٹلی پہنچ چکے ہیں اور یہ تعداد 20166 کے ان ہی مہینوں میں افریقہ سے اٹلی کی جانب ہونے والی غیرقانونی نقلِ مکانی کے مقابلے میں 400 فیصد زیادہ ہے۔
یورپ پہنچنے کی کوششوں میں اس سال اب تک 1200 سے زیادہ افریقی باشندے ہلاک ہوچکے ہیں۔