اسلام آباد: وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو چور کہنے پر پی ٹی آئی نے اسمبلی میں احتجاج کیا جب کہ متحدہ اپوزیشن قومی اسمبلی سے بھی واک آوٴٹ کرگئی۔
قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف نے اظہار خیال کے دوران کہا کہ گزشتہ روز پیسکو کے خلاف پشاور میں جلوس نکالا گیا جس کی قیادت ہماری ایک ایم این اے کر رہی تھی جب کہ جس فیڈر میں ان کا گھر ہے وہاں 89 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، نظام کا اس سے زیادہ مذاق کیا ہوگا کہ چور احتجاج کریں۔
خواجہ آصف کی جانب سے احتجاج کرنے والوں کو چور کہنے پر پی ٹی آئی نے اسمبلی میں احتجاج کیا، پی ٹی آئی رکن اسمبلی شیریں مزاری نے خواجہ آصف سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا اور نواز شریف چور چور کے نعرے لگائے، پی ٹی آئی رکن اسمبلی عائشہ گلا لئی کا کہنا تھا کہ عوام سے پیسے لیے جاتے ہیں لیکن حکومت بجلی دینے میں ناکام ہے جب کہ لوگ حق کی خاطر سڑکوں پر آئیں تو انہیں چور کہاجارہا ہے جو زیادتی اور قابل مذمت ہے، پورے ملک میں 20 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، یہ اپنی نااہلی کا اعتراف کریں جب کہ واپڈا عوام کے پیسوں سے چلتا نواز شریف کے نہیں۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع نے جو الفاظ بولے ہیں واپس لیں، خواجہ آصف نے الفاظ واپس لینے سے انکار کر دیا جس کے بعد متحدہ اپوزیشن قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کرگئی۔