|

وقتِ اشاعت :   May 19 – 2017

کوئٹہ :  پا کستان تحریک انصاف آج کوئٹہ میں سیاسی قوت کا مظا ہرہ کر یگی کی پارٹی کے چےئر مین اوررکن قومی اسمبلی عمران خان کوئٹہ کے تاریخی گراؤنڈ ایوب اسٹید یم میں تین بجے جلسہ عام سے خطاب کریں گے سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔

تفصیلا ت کے مطابق آج (جمعہ) کو کوئٹہ کے ایوب سٹید یم میں پا کستان تحریک انصاف کی جانب سے جلسہ عام کیا جا ئے گا جس سے پارٹی کے چےئر مین عمران خان خطا ب کریں گے اس موقع پر جلسہ گاہ کو عمران خان کی تصویروں والے پوسٹرز اور بینرز سے سجا یا گیا ہے۔

پارٹی کے مرکزی قائدین عمران خان ،شاہ محمود قریشی ،جہانگیر ترین ،فیصل جاوید ،اسحا ق خاکوانی اور عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد جمعرات کو خصوصی طیارے میں کوئٹہ پہنچ گئے ۔

مرکزی پنڈال میں قائدین اور میڈیا کے لئے دو کنٹینرز پر مشتمل دو سٹیج بنائے گئے ہیں 80فٹ کے مرکزی سٹیچ پر50سے زائد قائدین کے بیٹھنے کے لئے کرسیاں اور صوفے لگائے گئے ہیں جبکہ ایوب سٹیدیم کے فٹ بال گراؤنڈ میں کارکنوں کے بیٹھنے کے لئے 40ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں ۔

جلسے کی سیکورٹی کے لئے بھی سخت انتظا مات کیے گئے ہیں ، اعلی ٰ سکیورٹی ذرائع نے این این آئی کو بتا یا کہ جلسے کی حفاظت پر پولیس اور ایف سی کے5ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہونگے ۔

ایف سی بلوچستان پولیس کو سکیورٹی میں معاونت فراہم کر ے گی جبکہ تحریک انصاف کے تین سو سے زائد رضاکار فورسز کی معاونت کریں گے۔

ذرائع نے بتا یا کہ تحریک انصا ف کی قیادت کو شہر میں موجود سکیورٹی تھرٹ کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ شہر میں خودکش بمبار اور وہیکل بیسڈ آئی ای ڈی کی موجودگی کی اطلاعات موجود ہیں ۔

لہذا وہ جلسے کو کچھ عرصے کے لئے موخر کریں تاہم تحریک انصاف کی قیادت نے جلسہ موخر نہ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنا یا گیا ہے تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سرداریار محمد رند جلسہ گاہ ،سٹیج اور سکیورٹی کے انتطامات خود دیکھ رہے ہیں ۔

جلسے میں ولی سنز ڈی جے کے فرائض سر انجا م دیں گے جبکہ عطاء اللہ عیسی ٰ خیلوی کی آمد بھی متو قع ہے ،اس موقع پر ایس پی سکیورٹی سید جاوید اقبا ل غرشین کی جانب سے ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے ۔

جس میں بتا یا گیا ہے کہ کارکنوں کی گاڑیاں بورڈ آفس ،سبزل کراس اور دکانی با با چوک پر پارک کی جائیں گی اور کارکن جلسہ گاہ تک پیدل آئیں گے ،اس کے علاوہ صرف مرکزی قائدین ہی کو زرغون روڈ سے جلسہ گاہ آنے کی اجازت ہوگی ۔