کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) جذبہ خیر سگالی کے تحت ارکان پنجاب اسمبلی کا 14رکنی وفد پنجاب کے وزیر تحفظ ماحولیات شجاع خانزادہ کی سربراہی میں کوئٹہ پہنچ گیا ۔وفد وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی ، صوبائی اسمبلی کے ارکان اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی کے زیراہتمام جذبہ خیر سگالی اور بین الصوبائی روابط کو استوار اور قومی یکجہتی کو پروان چڑھانے کیلئے پنجاب اسمبلی کے چودہ ارکان پر مشتمل وفد جمعہ کو یہاں کوئٹہ پہنچا وفد میں پنجاب اسمبلی کی مختلف پارلیمانی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل ہیں جن میں پی ٹی آئی کے احمد علی خان، عارف عباسی ، مراد راس ، سعدیہ سہیل رانا ،پیپلز پارٹی کی فائزہ احمد ملک ، جماعت اسلامی کے وسیم اختر ، مسلم لیگ کے سردار وقاص ،ن لیگ کی عائشہ جاوید ،انجینئر قمر الاسلام ،قاضی عدنان ، سید عبدالحلیم ، سعید طارق یعقوب اور رمیز سنگھ اروڑہ شامل ہیں۔پلڈات کے عہدے دار عباس نیازی کے طمابق اس دورے کا مقصد صوبوں کے عوامی نمائندوں کے مابین قربتوں کو پروان چڑھانا اور فاصلوں کو ختم کرنا ہے ۔ وفد کے ارکان ہفتہ کو تین بجے دورے سے متعلق میڈیا کو بریفنگ بھی دیں گے۔ کوئٹہ پہنچنے کے بعد ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی شجاع خانزادہ نے بلوچستان میں قیامت خیز زلزلہ میں ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارا یہ د ورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب بلوچستان پر آفت آئی ہے اور سینکڑوں انسانی جانوں ضیاع ہوچکا ہے تاہم سمجھتے ہیں ہم خیر سگالی اور یکجہتی کا پیغام لے کر آئے ہیں اور بلوچستان کے عوام کو یہ یقین دلانے آئے ہیں کہ مصیبت اور مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہم ان کے ساتھ ہیں نہ صرف پنجاب حکومت بلکہ پنجاب کے عوام بھی بلوچستان کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی ہر ممکن امداد کی جائے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے آواران میں جدید دور کے تقاضوں اور سہولیات سے آراستہ جو اسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے بلوچستان کی پسماندگی و محرومی کے خاتمہ اور بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے جو وعدے کئے ہیں ہم یہاں بلوچستان کے عوام کو یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہر وعدہ وفا ہوگا ۔