|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2017

برلن: جرمنی میں آئی ایس ایس ایف کے ورلڈ کپ مقابلوں میں تین بلوچ کھلاڑیوں کی شرکت ، عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ۔

باکو میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی وادھا البلوشی 2020 کے ٹوکیو اولمپکس میں بھی شرکت کریں گی۔جرمنی کے شہر میونخ میں انٹر نیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن کے تحت ورلڈ کپ مقابلے منعقد ہونے 80 ممالک سے تعلق رکھنے والے 750 کھلاڑیوں سے ان عالمی مقابلوں میں شرکت کی۔

18 سے 23 مئی تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں پسٹل اور رائفل کے 10 کیٹیگریز ز میں مقابلوں کا انعقاد ہوا. دو طلائی اور ایک نقرئی تمغوں کے ساتھ جنوبی کوریا پہلے نمبر پر براجماں رہا۔

دو طلائی تمغوں کے ساتھ فرانس دوسرے جبکہ ایک طلائی اور دو چاندی کے تمغوں کے ساتھ روس تیسرے نمبر پر رہا۔آئی ایس ایس ایف کے تحت ہونے والے ان عالمی مقابلوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان مقابلوں میں عمان سے تعلق رکھنے والے خاتون کھلاڑی سمیت تین بلوچ کھلاڑیوں اور ایک کوچ کی شرکت ہے۔

21 رکنی عمان کی ٹیم میں شامل وادھا البلوشی نامی لڑکی نے 25 میٹر پسٹل کیٹیگری کے مقابلوں میں شرکت کی اور مجموعی طور پر 375 پوائنٹس حاصل کئے .ریو ڈی جینیرو اولمپکس میں شرکت کرنے والی وادھا البلوشی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انہوں نے نہ صرف باکو میں ہونے والے اسلامک سولیڈیریٹی چمپیئن شپ میں شرکت کی بلکہ ان مقابلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کرکے ٹوکیو میں ہونے والے 2020 کے اولمپک مقابلوں میں اپنی شمولیت کو یقینی بنایا۔

آئی ایس ایس ایف کے ان عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے والے دیگر بلوچ کھلاڑیوں میں عصام بدر البلوشی اور ماعت درویش البلوشی شامل ہیں۔عصام البلوشی نے ائیر رائفل 10 میٹرز جبکہ ماعت البلوشی نے ائیر پسٹل 10 میٹر، 25 میٹر پسٹل جبکہ 50 میٹر پسٹل مقابلوں میں شرکت کی۔ان تینوں کھلاڑیوں نے مختلف عالمی مقابلوں میں نہ صرف شرکت کی ہے بلکہ کئی اعزازات بھی حاصل کئے ہیں۔