کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ قوم پرست جماعتوں سے لوگ مایوس ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں پیپلز پارٹی کی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کو مسائل اور مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے۔
پیپلز پارٹی 2018ء کے انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے نئے وزیراعظم ہونگے۔ یہ بات پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ، سیکڑٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،فنانس سیکڑٹری ملک حمید کاکڑ، ربانی خان خلجی ، میر ولی محمدقلندرانی اوردیگر نے جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر احسان اللہ درانی اور ظفراللہ خلجی کی اپنے ساتھیوں سمیت پشتونخواملی عوامی پارٹی سے مستعفی ہوکر پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
مقررین نے احسان اللہ درانی ظفراللہ خلجی کو اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا بڑے پیمانے پر پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہونا اس بات کی غماز ہے کہ لوگ اس وقت پیپلزپارٹی کو نجات دہندہ سمجھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں حقیقی تبدیلی پاکستان پیپلزپارٹی جیسی نظریاتی جماعت لاسکتی ہے ۔
ان کاکہناتھاکہ ہم صوبے میں بے روزگاری کا خاتمہ کرکے امن وامان کے نفاذ کو ممکن بنا کر دکھائینگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں پینے کا پانی تک میسر نہیں ہے بدامنی ،بے روزگاری ،لوڈشیڈنگ اپنے عروج پر ہے صوبے کے غریب زمینداروں کی زراعت تباہ ہو کررہ گئی ہے لیکن حکمرانوں کو عوام کا بالکل احساس نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب نوابوں ،سرداروں کا دور ختم ہوگا آنے والے وقت میں پی پی پی کا جیالا وزیراعلیٰ اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم ہونگے اور بلوچستان میں کوئی مخلوط حکومت نہیں بنے گی بلوچستان پیپلز پارٹی کا مرکز بنے گاانہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصاً کوئٹہ جیالوں کا گھر ہے ایک بار پھر بلوچستان کی سڑکوں پر جیئے بھٹو کے نعرے بلند ہورہے ہیں ۔
ہمارے کارکنوں اور لیڈروں نے جیلیں کاٹیں اور حتیٰ کہ پھانسی کے پھندے کو قبول کیا لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیاہمارے کارکنوں کی تربیت عوام کے حقوق کیلئے کی گئی ہے نہ کہ ذاتی مفادات کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی لسانیت ،مذہب ،قومیت سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ماضی میں ختم کرنے کی کوششیں کی گئیں اب بھی کہا جارہا ہے کہ پیپلز پارٹی ختم ہوچکی ہے لیکن یہ لوگوں کی غلط فہمی ہے پیپلزپارٹی کو کبھی ختم نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پیپلز پارٹی عوام کے دلوں میں بستی ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،آغاز حقوق بلوچستان پیکج سمیت صوبے کیلئے کئی بڑے منصوبے شروع کئے گئے جس سے لوگوں نے بھر پور فائدہ اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں عوام کی بڑی تعداد میں شمولیت سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پیپلزپارٹی ہی بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔
قوم پرست جماعتوں لوگ مایوس ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں،علی مدد جتک
وقتِ اشاعت : May 27 – 2017