کوئٹہ+ڈھاڈر: آواران میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ،مستونگ ،قلات اور بولان میں فائرنگ کے واقعات سے دو افراد جاں بحق ایک زخمی ہوگیا، ڈیرہ بگٹی سے بارودی سرنگ برآمد ،آواران میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ڈیرہ بگٹی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیاگیا۔لیویز کے مطابق آواران کے علاقے نوکجو میں ہائی اسکول میں کالعدم تنظیم کے ارکان کی جانب سے تنظیم کا جھنڈا لگایا گیا تھا۔ ایک مقامی دکاندار پرچم اتارنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں دکاندار سراج ولد موسیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرد ی گئی۔
ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ کے مقام پر ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ برآمد کرکے ناکارہ بنادی،مستونگ، بولان اور قلات میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ،پولیس کے مطابق مستونگ میں پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں پرانا قلات روڈ پر نامعلوم افراد نے جوتوں کی دکان میں گھس کر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے دکان مالک جلیل احمد جاں بحق ہوگیا۔ انہیں سر پر دو گولیاں لگیں۔
ملزمان فائرنگ کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ادھر بولان کے علاقے ڈھاڈر میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نصیراحمد نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ جبکہ قلات میں نامعلوم افراد نے عبدالخالق کو گولیاں مار کر زخمی کردیا۔
آواران میں دھماکہ، قلات، ڈھاڈر اور مستونگ میں فائرنگ،3افراد جاں بحق
وقتِ اشاعت : May 29 – 2017