|

وقتِ اشاعت :   May 29 – 2017

کوئٹہ:  مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدرو وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل پاکستان معاشی میدان میں بھی کامیابیاں حاصل کررہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایااور اب وہ معاشی دھماکہ بھی کرنے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کے لئے جاری اپنے ایک پیغام میں کیا جو تقریب کے دوران پڑھ کرسنایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کو ایٹی طاقت بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا اور 28مئی 1997کو بلوچستان کے سنگلاخ اور بلند وبالا پہاڑوں میں کامیاب ایٹمی دھماکے کئے گئے جس سے اقوام عالم میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا اور پوری قوم ایٹمی طاقت بننے پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت کے حصول سے پاکستان کی جغرافیائی سرحدیں محفوظ ہوئیں اور بھارت جیسے دشمن کے جنگی جنون اور جارحیت پسندانہ عزائم کا مقابلہ کرنا ممکن ہوسکا۔ آج اگر ہم ایٹمی صلاحیت نہ رکھتے تو دشمن ہمیں نقصان پہنچاسکتا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ہے اس نے ملک کی تعمیر وترقی، امن واستحکام اور تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبوداور ملک کے معاشی واقتصادی استحکام کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔ آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں بہت بدل چکا ہے۔ پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کا اعتراف بین الاقوامی ادارے بھی کررہے ہیں۔


پاکستان معاشی، اقتصادی اور دفاعی طور پر جتنا مضبوط آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھااور ترقی کا یہ سفر 2018ء کے بعد بھی جاری رہے گا کیونکہ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرکے وفاق اور صوبوں میں حکومت بنائے گی۔

تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکریٹری جنرل نصیب اللہ بازئی، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر علاؤ الدین کاکڑ اور دیگر عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔