|

وقتِ اشاعت :   May 30 – 2017

کوئٹہ: چمن میں افغان سرحدی پولیس کی فائرنگ سے شہید افراد کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی ۔تقریب میں کلی جہانگیر، کلی لقمان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پانچ مئی کو پاک افغان چمن سرحد پر افغان سرحدی پولیس کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے جاں بحق افراد کی یاد چمن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں پاک فوج، ایف سی ،ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ،علاقہ مکینوں اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد کلی لقمان اور کلی جہانگیر کے رہائشیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے اپنے دورہ چمن کے موقع پر متاثرہ خاندانوں سے وعدہ کیا تھا کہ پاک فوج ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

اس سلسلے میں شہداء کے لواحقین اور متاثرہ خاندانوں میں34لاکھ روپے کی نقد رقم اور اور 1428کلو گرام راشن تقسیم کیا گیا۔ ایف سی بلوچستان پہلے ہی متاثرہ افراد میں ڈھائی کروڑ روپے کا امدادی پیکیج تقسیم کرچکی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کے بچوں کو ایف سی سکول میں مفت تعلیم بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بلوچستان حکومت بھی افغان فورسز کی فائرنگ سے شہید اور زخمی افراد کیلئے پہلے ہی معاوضے کا اعلان کرچکی ہے۔ تقریب میں کلی لقمان اور کلی جہانگیر کے مکینوں نے پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔