کوئٹہ : بلوچستان کے 45ہزار غیر مصدقہ شناختی کارڈ کے حامل سرکاری ملازمین اورپنشنرز میں 1800سے زائد گزٹڈ آفیسران بھی شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے حال ہی میں نادرا سے کرائی گئی جانچ پڑتال کے دوران بلوچستان کے2لاکھ95ہزار میں سے 45ہزار سے زائد ملازمین کے شناختی کارڈ کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی ۔
ان میں 1897گذٹڈ آفیسران اور پنشنرز بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق گریڈ اکیس کے 55، گریڈ بیس کے 146، گریڈ انیس کے 316 ، گریڈ اٹھارہ کے 532 اور گریڈ سترہ کے 848ملازمین و پنشنرز کی جانب سے سرکاری ریکارڈ میں اندراج کرائے گئے شناختی کارڈ نمبر کی نادرا ریکارڈ سے تصدیق نہ ہوسکی۔
آفیسران اور پنشنرز میں سیکریٹریز، ڈپٹی سیکریٹریز، انڈر سیکریٹریز، چیف انجینئرز، ایگزیکٹیو انجینئرز، ججز ، ایڈیشنل، ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز ، اے آئی جی پولیس، ڈی آئی جی پولیس سطح کے آفیسران بھی شامل ہیں۔ ان میں دو آفیسران ایسے ہیں جن کی سرکاری ملازمت شروع کرنے والے دن اورتاریخ پیدائش کا موازانہ کیا گیا تو ان کی عمر18سال سے کم تھی ۔
84آفیسران اور ریٹائرڈ ملازمین کے شناختی کارڈ کو ڈپلیکٹ ریکارڈ کی وجہ سے تصدیق نہیں کی گئی جبکہ70ملازمین کے شناختی کارڈ موت کی وجہ سے منسوخ یا پھر مختلف وجوہات کی بناء پر مشتبہ کیٹگری میں شامل کئے گئے ۔
یاد رہے کہ محکمہ خزانہ نے اس شبے کے پیش نظر سرکاری ملازمین کے شناختی کارڈ کی نادرا سے تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا تھا کہ بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین دوہری ملازمت کے حصول کیلئے شناختی کارڈ نمبر کا غلط اندراج کراتے ہیں۔ نادرا رپورٹ کے بعد محکمہ خزانہ نے صوبے کے تمام متعلقہ محکموں سے مشتبہ شناختی کارڈ کے حامل ملازمین اور پنشنرز سے متعلق حتمی رپورٹ طلب کی تھی جو اب تک محکمے کو فراہم نہیں کی گئی۔
بلوچستان1800 سے زائد گزٹڈ آفسیران کے شناختی کارڈ بھی مشکوک
وقتِ اشاعت : May 30 – 2017