|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انسان نے جتنی بھی ترقی کی ہے آج بھی قدرتی آفات کے سامنے بے بس ہے لیکن سائنسی ایجادات نے انسانی کو قدرتی آفات سے نمٹنے او ردرپیش خطرات کے حوالے سے قبل از وقت باخبر رہنے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی صلاحیت عطا کی ہے۔

31مئی 1935ء کے زلزلے کے حوالے سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ قدرتی آفات ماضی میں آتی رہی ہیں اور مستقبل میں بھی رہیں گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قدرتی آفات سے نمنٹے اور ان کا قبل ازوقت پتہ چلانے کے لئے ہمیں اپنی تمامتر صلاحیتیں اور خصوصاً سائنسی ریسرچ کو کام میں لانا چاہیئے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ انسانی اموات زلزلوں کی وجہ سے نہیں بلکہ کثیرالمنزلہ عمارات کی ناقص اور غیرمحفوظ تعمیر کی وجہ سے واقع ہوتی ہیں۔ انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر اور مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک وقوم کے بہترین مفاد میں ایک دوسرے کے علم وتجربے سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور شعبے کے ماہرین کی جدید تحقیق کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں وضح کریں۔