|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2017

کو ئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں صوبہ بھر باالخصوص صوبائی دارالحکومت کوئٹہ آئے روز ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان، رہزنی، چوری، ڈکیتی کے واداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کر تے ہوئے کہا گیا کہ جب قانون نافذ کرنے والے خود غیر محفوظ ہوں ، ہائیر ایجوکیشن سیکرٹری اغواء کاروں کی چنگل میں ہوں ، ڈاکٹرز کو دن دیہاڑے اغواء کئے جا تے ہوں ۔

ایسے میں عام آدمی کی تحفظ کو کیسے یقینی بنایا جا سکتا ہے بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران28 افراد دہشتگردوں کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار چکے جبکہ حکومت سب اچھا کی رٹ لگا کر تھکتی نہیں جو حکومت عوام کے جان ومال کی تحفظ نہیں کر سکتی انہیں کسی صورت حق حکمرانی کا اختیار حاصل نہیں صرف اخباری بیات اور میڈیا میں بلند وبانگ دعوؤں سے امن وامان کی گھمبیر صورتحال میں بہتری نہیں لائی جا سکتی ۔

عملاً سماج دشمن، دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کا رروائی کر کے ہی عوام الناس کو مٹھی بھر شرپسند عناصر سے نجات دلایا جا سکتا ہے بیان میں کہا گیا کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں کوئٹہ شہر اور اطراف میں سٹریٹ کرائمرز میں اضافہ ہوا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے سماج دشمن عناصر پر قا بو پا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ شریف النفس شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔