کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنے حلقہ انتخاب پی بی ۔33 میں 2013 سے اب تک مکمل ہونے والی ترقیاتی اسکیمات، ان کے معیار اور ان کے لیے جاری کردہ فنڈز کے مصرف کی وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ذریعے جانچ پڑتال کرانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت، فنڈز کے بہترین مصرف اور منصوبوں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا ہے، جس کا آغاز وہ اپنے حلقے سے کر رہے ہیں۔
اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ذریعے دیگر حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کی جانچ پڑتال بھی کرائی جائیگی، وہ خضدار کی مختلف تحصیلوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اتوار کے روز مسلم لیگ(ن) ضلع خضدار کے صدر عبدالرحمان زہری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
وفد میں شامل بلدیاتی نمائندوں ، معتبرین ، سیاسی کارکن اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے اپنے علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں بھی ضلع خضدار کے دوردراز علاقوں کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مزید منصوبے دئیے جائیں گے۔
وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام وسائل عوام کی امانت ہیں اور ان وسائل کا شفافیت کے ساتھ مصرف ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہر ضلع کی ترقی کے لیے 20بیس کروڑ روپے جبکہ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کے لیے بھی خطیر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے ہیں۔
ان فنڈز کے ذریعے خضدار میں شہری سہولتوں میں اضافے کے کئی ایک ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے اور انہوں نے تمام کمشنروں کو ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت کر رکھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں کسی قسم کی بدیانتی ، بدعنوانی اور بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی اور ان فنڈز کی ایک ایک پائی عوام کی بھلائی کے لیے استعمال میں لائی جائے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خضدار بھی ایک زرعی علاقہ ہے اور عوام کا ذریعہ معاش شعبہ زراعت سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے غریب کاشتکاروں اور زمینداروں کو اپنے روزگار میں اضافہ کے لیے مزید بلڈوزر گھنٹے فراہم کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں بلدیاتی نمائندوں اور علاقے کے معتبرین پر مشتمل کمیٹی ان گھنٹوں کی تقسیم کی نگرانی کرے گی تاکہ کسی کی بھی حق تلفی نہ ہو۔
وزیراعلیٰ نے ضلع کے مختلف علاقوں میں حال ہی میں لگائے گئے لوکل بور میں سے اکثر بور کو اب تک فعال نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای کو انہیں فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے یونین کونسل کی سطح پر چیئرمین یونین کونسل اور علاقہ معتبرین پر مشتمل کمیٹی قائم کر کے آئندہ مالی سال کے لیے علاقے کی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر کے انہیں بھجوانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خضدار ائیرپورٹ روڈ کی کارپٹنگ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیراعلیٰ کا اپنے حلقے کی ترقیاتی منصوبوں کی بہتر معیار کیلئے معائنہ ٹیم سے جانچ پڑتال کی ہدایت
وقتِ اشاعت : June 5 – 2017