|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2017

کوئٹہ: گوادر میں آل پارٹیز اور انجمن تاجران کی کال پر پانی کے بحران اور بجلی کی بندش کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی تمام بازار، مارکیٹیں، کاروباری مراکز، پلازے بند رہے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے گوادر میں پانی کا مسئلہ تا حال حل نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے گوادر کے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔

گزشتہ چند روز قبل بھی شہر کو پانی فراہم کرنے والے ٹینکر مالکان نے انتظامیہ کی جانب سے معاوضے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اپنے ٹینکروں کو شاہراہ پر کھڑے کر کے احتجاج کیا تھا اور گزشتہ کئی دن تک پانی کی فراہمی معطل رکھی تھی اسی طرح شدید گرمی میں ایک بار پھر پانی کی عدم فراہمی اور بجلی کی طویل بندش کے خلاف آل پارٹیز اور انجمن تاجران کی جانب سے شہر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس پر شہر میں مکمل طور پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی اور تمام کاروباری مراکز، مالیاتی ادارے ، مارکیٹیں، پلازے بند رہے ۔

یاد رہے کہ گوادر جو کہ بلوچستان سمیت پاکستان کی ترقی کا حب تصور کیا جا تا ہے لیکن مذکورہ علاقے کے مکین پانی کے حصول سے محروم ہے جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھی گوادر کے بدولت دنیا بھر میں اپنی اہمیت کا حامل ہے ۔

وہاں پر صورتحال یہ ہے کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں صوبائی اور وفاقی حکومت نے علاقے کے لو گوں کے لئے ڈیمز کی تعمیر اور کھارے پانی کو میٹھا کرنے کا پلانٹ لگانے کے لئے فنڈز اور وسائل فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تا حال اس پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا جس کی وجہ سے گوادر کے لوگ آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے اور حکومتی توجہ کے منتظر ہے ۔