|

وقتِ اشاعت :   June 10 – 2017

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی کوششوں اور ان کی قیادت میں صوبائی حکومت کی بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کی کامیاب پالیسیوں کے مفید اور مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔

بلوچستان نے توانائی کے شعبہ میں خطیر براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ( ڈائریکٹ فارن انویسٹمنٹ) کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے جس کے تحت کینیڈین حکومت بلوچستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرتے ہوئے شمسی توانائی سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کے پیداواری یونٹس لگانے جارہی ہے ۔

اس سلسلے میں کنیڈا کی حکومت اور بلوچستان کی حکومت کے درمیان طے پائے جانے والے معاہدے کے تحت پہلے50میگاواٹ یونٹ کے قیام کے لیٹر آف انٹرسٹ پر دستخط کئے گئے صوبائی حکومت کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق جبکہ کنیڈین حکومت کی جانب سے کنیڈا کے ہائی کمشنر مسٹر پیری جان کالڈرووڈ (Mr Pery Jahn Coldrwood)نے جمعہ کے روز یہاں منعقد ہونے والی ایک سادہ و پروقار تقریب میں لیٹر آف انٹرسٹ پر دستخط کئے وائس چےئرمین بلوچستان بورڈ آف ا نویسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل کنیڈین اور بلوچستان حکومتوں کے درمیان اس منصوبے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے تھے جس کے تحت کنیڈین سولر کمپنی اس اہم منصوبے پر عملدرآمد کرے گی جس کیلئے100فیصد سرمایہ کنیڈین حکومت فراہم کررہی ہے ۔

بیرونی سرمایہ کاری کے اس بڑے منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ممکن ہوسکے گا بلکہ منصوبے کے براہ راست اثرات صوبے کی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے اور مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ کنیڈین سولر کمپنی آئندہ چند روز میں منصوبے پر کام کا آغاز کرے گی۔