|

وقتِ اشاعت :   June 11 – 2017

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ نادرا حکام ضلعی سطح پر قائم کی گئی بلاک شناختی کارڈوں کی کمیٹیوں کو فعال کرنے اور ہر مہینے ان کے اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے مزید اقدامات کریں اور جن بلاک شناختی کارڈوں کو کھول دےئے گئے ہیں انہیں متعلقہ افراد کو جاری کیا جائے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی پشتونخوا سمیت ملک بھر میں تمام عوام بالخصوص پشتونوں کی بہت بڑی تعداد میں شناختی کارڈز بلاک ہیں اور ان بلاک شناختی کارڈز کو کھولنے کیلئے پشتونخوامیپ کی قیادت ، رہنماؤں ، منتخب نمائندوں اور کارکنوں نے مسلسل جدوجہد کی ۔

ملک کے تمام اہم فورم پر عوام کو درپیش اس اہم بنیادی مسئلے کو بروقت مستقل بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیتے رہے اور اب جب کہ پارلیمانی کمیٹی اور وزارت داخلہ کی جانب سے ضلع سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تو مختلف اضلاع میں ان کمیٹیوں نے اپنا کام شروع نہیں کیا ہے اورکچھ اضلاع میں یہ کام شروع ہونے کے باوجود سست روی کا شکار ہے ۔

لہٰذا ان کمیٹیوں کے ہر مہینے کم سے کم دو اجلاس بروقت منعقد کرنے اورہر اجلاس کی تاریخ ایک ہفتہ قبل پرنٹ اورالیکٹرونک میڈیا میں اعلان کرکے عوام کو باخبر کیا جائے۔ تاکہ عوام کمیٹیوں کے اجلاس کے دن کیلئے اپنے اسناد کے ساتھ تیاری کرسکیں اور واضح شیڈول ترتیب دیکر اس پر تسلسل کے ساتھ عملدرآمدکیا جائیں تاکہ بلاک شناختی کارڈز کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکیں۔