|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کوئٹہ : بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ریلوے گرلزہائی سکول کوئٹہ کی نہم و دہم کی 400سے کے قریب طالبا ت کا رزلٹ روک دیا،کنٹرولر امتحانات سید عباد اللہ غرشین نے بتا یا کہ ریلوے گرلز ہائی سکول کوئٹہ کے ذمہ امتحانی فیس کی مد میں 2لاکھ روپے کی رقم واجب الادا ہے ۔

بورڈ کی جانب سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طالبات کو رول نمبر سلپس جاری کی گئی تھیں تاہم رزلٹ آنے تک رقم ادا نہ کر نے کی وجہ سے ریلوے سکول کی نہم و دہم کی طالبات کا رزلٹ روک دیا گیا ،دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ریلوے سکول کی طالبات نے بر وقت امتحانی فیس جو کہ تقریبا دو لاکھ روپے بنتی ہے سکول کے کلرک صمد کو ادا کردی تھی تاہم کلرک اور ہیڈ مسٹریس کی جانب سے فیس بورڈ کو ادا نہیں کی گئی اور گزشتہ کئی دنوں سے دونوں افراد سکول بھی نہیں آرہے۔

شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ طالبات کی فیس کی رقم میں خرد برد کی گئی ہے ،جبکہ رزلٹ جا ری نہ ہونے کی وجہ سے دہم جماعت کی طالبا ت شدید ذہنی تناؤ کا شکا رہیں اور انکا سال بھی ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ،طلبات کے والدین نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غفلت برتنے والے افراد کے خلاف کاروائی کریں اور جلد از جلد طالبات کے رزلٹ کا اعلان کر کے انہیں ذہنی کوفت سے نجات دلائیں ۔