|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2017

کراچی : چینی بحریہ کے ٹاسک گروپ کا پاکستان کا چارروزہ تربیتی و خیر سگالی دورہ آج اختتام پذیر ہوگیا ۔

چینی بحری افواج کے تین جہاز چانگ چن، جنگ ژونگ اور چاؤ ہواس ٹاسک گروپ کا حصہ تھے جس کی قیادت چین کے مشرقی بحری بیڑے کے ڈپٹی کمانڈررئیر ایڈمرل شین ہاؤ کررہے تھے۔

کراچی میں اپنے قیام کے دوران چینی بحری جہازوں کے افسرو ں اور جوانوں نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے بھی چینی بحری جہازوں کا دورہ کیا جہاں ان کا پر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔

چینی بحریہ کے مشن کمانڈر رئیر ایڈمرل شین ہاؤ نے پاکستان نیوی کے سینئر افسران اور اعلیٰ سول حکام سے ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں تربیتی سرگرمیاں، دو طرفہ غیر رسمی ملاقاتیں ، پیشہ ورانہ امور پر بات چیت اور دونوں بحری افواج کے افسران اور سیلرز کے درمیان سماجی سرگرمیاں بھی اس دورے کا حصہ تھیں۔

دورہ کے اختتام پر پاک بحریہ اور چینی بحری جہازوں کے درمیان بحیرۂ عرب میں بحری مشقیں بھی منعقد کی گئیں جن کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔ مشقوں کے دوران مختلف جنگی چالوں اور بورڈنگ ڈرلز کے علاوہ گو فاسٹ اٹیک کا بھی مظاہرہ ہوا۔فضائی دفاع اور اینٹی شپ میزائل ڈیفنس کے مظاہرے بھی مشقوں کا حصہ تھے۔

امید کی جاتی ہے کہ چینی بحری ٹاسک گروپ کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ روابط مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی اشتراک اور تعاون مزید فروغ پائے گا۔