|

وقتِ اشاعت :   June 15 – 2017

کوئٹہ : صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد نعیم مجید جعفر نے نیشنل اسمبلی کے حلقہ این اے 260 کوئٹہ کم چاغی سے متعلق سیاسی پارٹیوں کے بیانات پر نوٹس لیتے ہوئے ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو ہدایت کی کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ا ور یہ کہ کسی دباؤ کے بغیر اپنے فرائض کو پوری ذمہ داری سے ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کی شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے تمام کام بروقت کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ 12 سے 14 جون تک کاغذات نامزدگی کا مرحلہ جاری رہا جس میں 36 کاغذات نامزدگی جمع ہوئیں ۔

اس حلقے میں ٹوٹل 407 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے 164 مردوں کی 134 خواتین کی اور 108 مشترکہ ہیں اس حلقے میں ووٹروں کی تعداد 460012 ہے جن میں سے 274534 مرد اور 185478 خواتین ووٹرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے عمل میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے واضح رہے کہ حلقہ این اے 260 کوئٹہ کم چاغی رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل کی وفات کے انتقال کے باعث خالی ہوئی۔