|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2017

کوئٹہ:  مشیر خزانہ بلوچستان سردار اسلم بزنجو نے بلوچستان کے مالی سال 2017-18ء کیلئے بجٹ جمعرات کو ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے مالی سال 2017-18میں محکمہ معدِنیات کیلئے (2 بلین روپے) مختص کیے گئے ہیں۔

جو موجودہ مالی سال 2016-17کے مقابلے میں تقریباً (6فیصد)زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معدنی دولت پر قبضے کی غیر قانونی لیزمنسُوخ کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مائیننگ اِنڈسٹری کی ترقی پر خاص توجہ دی جائیگی اس کی ترقی و توسیع میں جدید آلات ومشینری کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مائیننگ کے ورکرز کو سوشل سیکورٹی اور دیگر قانونی مراعات کا حقدار بنایا جارہاہے،ریکوڈِک کا بحران جِس کی وجہ سے ترقیاتی کام تاخیر کا شِکار ہے کو شفاف انداز میں حل کر لیا جائے گا۔ریکوڈِک کیس کے لیے(650ملین روپے)مختص کئے گئے ہیں۔جوکہ پچھلے مالی سال کے مقابلے میں (150ملین روپے) زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پندرہ سو ملازمین کے مفاد اور سیندک منصوبے سے آنے والی آمدن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پراجیکٹ کی لیز کو مزید3سے 5سال بڑھانے کی تجویززیر غور ہے۔