|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ساتھیوں کا اعتماد ہی ان کی طاقت ہے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں ساتھیوں کی مشاورت اوران کابھرپوراعتماد حاصل رہا جس کی بنیاد پر ایک عوام دوست اورمتوازن بجٹ بناناممکن ہوا۔

اگرکسی رکن اسمبلی کو اپنے علاقے کے ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے کوئی اعتراض ہے تو اسے دورکیاجائے گا،ان خیالات کا اظہارانہوں نے مخلوط صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے بجٹ کوعوامی امنگوں خواہشات اورضروریات کوسامنے رکھ کر بنایاگیاہے جس میں اجتماعی نوعیت کے منصوبے شامل ہیں جن کی تکمیل سے زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہوگی،بجٹ میں جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ اہمیت کے حامل نئے منصوبے بھی شامل کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بجٹ کی تیاری کے عمل میں قائم کورکمیٹی ممبران اوراراکین اسمبلی کے تعاون اورقابل عمل تجاویز کوسراہا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتیں اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہیں کہ تمام تروسائل عوام کی امانت ہیں جنہیں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بروئے کارلایاجاناچاہیے۔

اجلاس کے شرکاء نے بجٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے وژن اورمشاورت کے عمل کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اجلاس میں وزیراعلیٰ کے صاحبزادے نوابزادہ میر امیر حمزہ زہری نے بھی شرکت کی ۔