کوئٹہ : بلوچستان کے بلدیاتی اداروں کے نمائندہ مشترکہ اجلاس ایم پی اے ہاسٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر اعلیٰ، کور کمیٹی کے وزراء سے ملاقاتوں اور موجودہ صوبائی بجٹ کے حوالے سے بلدیاتی اداروں کے مسائل ومشکلات پر تفصیلی بحث ومباحثہ ہوا اور متحدہ فیصلے کئے گئے ۔
اجلاس کے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یااس سے قبل صوبائی وزراء کی کور کمیٹی سے ملاقات کی جائے گی اور انہیں بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی وغیر ترقیاتی بجٹ بڑھانے کیلئے ان کے وعدوں کی یاد دہانی کرائی جائے گی ۔
اجلاس کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صوبائی وزراء کی کور کمیٹی بلدیاتی اداروں کی ترقیاتی بجٹ صوبے کے ترقیاتی بجٹ کے دس فیصد کے ح ساب سے مختص کر نے کی وعدے کی پاسداری کر لینگے جبکہ اجلاس کے فیصلوں میں کہا گیا ہے کہ وزراء کو رکمیٹی کے فیصلوں کو دیکھتے ہوئے مزید آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔
جس میں صوبائی اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی تمام پارٹیوں کے مرکزی وصوبائی قیادت اور نمائندگی نہ رکھنے والی پارٹیوں کی قیادت سے ملاقاتیں کی جائیں گی اور ان پر تمام پارٹیوں کے بلدیاتی اداروں کے انتخابی منشور اور موقف اور اس کے برعکس ان پارٹیوں کے نمائندوں کے برعکس موقف کو واضح کیا جائیگا ۔
پارٹیوں کے قیادت اور ان کے پارلیمانی نمائندوں کے موقف میں تضاد سے عوام کو باخبر کرنے اور حقیقی صورتحال کو سامنے لانے کیلئے پہلے مرحلے میں ڈویژنل سطح پر باالخصوص ضلعی سطح پر بلدیاتی اداروں کے کنونشن منعقد کئے جائینگے اجلاس میں ملک محمد عثمان اچکزئی، ملک نعیم خان بازئی، عیسیٰ روشان، شمس حمزہ زئی، میر سردار خان رند، میر وائس خان ، وڈیرہ امیر محمد کھیتران ، عبدالمالک بلوچ،فدا حسین دشتی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
بلدیاتی نمائندے وزراء کی کور کمیٹی سے ملاقات کرینگے
وقتِ اشاعت : June 17 – 2017