کوئٹہ: مسلم لیگ ن کے صوبائی صدروزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ وزیراعظم محمدنواز شریف انکے صاحبزادوں اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر عدالتی فیصلوں کے احترام کی نئی مثال قائم کی ہے ۔
وزیراعظم اوران کے خاندان کے افراد نے بغیرکسی پروٹوکول کے جے آئی ٹی کے سامنے اپنے بیان ریکارڈکرواکرآئین اورقانون کی حکمرانی پر اپنے پختہ اعتماد کا اظہارکیا۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھی منتخب وزیراعظم اورانکے خاندان نے خود کو احتساب کیلئے پیش کیاہے کیونکہ شریف خاندان احتساب کے عمل پر مکمل یقین رکھتاہے اوران کا دامن صاف ہے یہ کاروباری معاملات ہیں جنہیں خواہ مخواہ اچھالاجارہاہے ۔
وزیراعظم اوران کے خاندان نے کسی قسم کی کرپشن نہیں کی اورکرپشن کے بھونڈے الزامات لگانے والوں کو کچھ نہیں ملے گا،وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ عدالتی فیصلوں کے احترام سے شریف خاندان کے سیاسی قدوکاٹھ اورعوامی مقبولیت میں اضافہ ہواہے اور2018کے انتخابات میں عوام شریف خاندان پرجھوٹے الزامات لگانے والوں کو مسترد کرکے مسلم لیگ کو ایک بارپھرکامیاب کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت جب بھی ملک کوبحرانوں سے نکالتی ہے تواس کے خلاف سازشیں شروع ہوجاتی ہیں لیکن ہم ان سازشوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں وزیراعظم محمدنوازشریف نے لوڈشیڈنگ ،غربت ،بیروزگاری کے خاتمے اورپاکستان کی تعمیروترقی کے جس شاندارسفر کاآغازکیاہے وہ2018ء کے بعد بھی ان کی قیادت میں اسی طرح جاری رہے گا ۔
شریف خاندان نے جے آئی ٹی کیسامنے پیش ہو کر احتساب کی نئی مثال قائم کی ، نواب زہری
وقتِ اشاعت : June 18 – 2017