|

وقتِ اشاعت :   June 18 – 2017

کوئٹہ : کوئٹہ میں رمضان کے بابرکت مہینے میں پولیس وایف سی کی جانب سے شہریوں کو ڈبل سواری کے نام پر تنگ کر نے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں عوام کو رمضان میں شدید گرمی وتپتی دھوپ میں سڑک پر گھنٹوں کھڑے کر کے ان کی تذلیل کی جاتی ہے۔

کوئٹہ میں بالخصوص سریاب کے علاقے میں فورسز کی بھی ناکے پر موٹر سائیکل سواروں کو کھڑے کرکے ان سے کاغذات لیکر چلے جاتے ہیں اورموٹر سائیکل سوار گھنٹوں کھڑے دھوپ میں روزے کی حالت میں انتظار کرتے ہیں، حتیٰ کہ افطاری کے وقت بھی انہیں سڑکوں پر کھڑا کر کے ان کی تذلیل کی جاتی ہے۔

شریف شہری بزرگ شہری فورسز کی اس رویے سے سخت نالا ہیں، سریاب میں بادینی سٹاپ کیچی بیگ اور کسٹم کے مقام پر شریف شہریوں کو تنگ کر نے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام شدید مشکلات کاشکار ہیں۔

دوسری جانب بلیک شیشوں والی غیر رجسٹرڈ گاڑیاں مسلح افراد کیساتھ ان کے قریب سے سائرن بجاتے بڑے شاہانہ انداز سے گزرتے ہیں، انہیں روکا تک نہیں جاتا جو کہ قانون کیساتھ مذاق کے مترادف ہے۔

شہریوں نے آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ رمضان میں فورسز کی جانب سے عوام کی تذلیل اور مشکلات کا نوٹس لیکر چیکنگ کا ایک مناسب اور بہتر انداز اپنایا جائے۔

جس سے عام شہری تنگ نہ ہوں اور نہ ہی ان کی تذلیل کی جائے، فورسز میں ایسے اہلکاروں کی حوصلہ شکنی کی جائے جو اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھا کر عام شہریوں کوتنگ کرتے ہیں تاکہ عام شہری اپنے فورسز کیساتھ معاون بن کر دہشت گردوں کی بیخ کنی کریں ۔