خضدار: صوبائی وزیر زراعت و خزانہ سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہماری حکومت نے عوام کی خوشحالی ،معاشی ترقی کے لئے پورے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔
آج بلوچستان کے عوام ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں ،ضلع خضدار میں میڈیکل کالج کا قیام مکمل ہے ،خواتین یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری تکمیل کے مراحل میں ہے ،مختلف علاقوں میں ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔
شہر کی سڑکوں کا کام مکمل ہو گیا ،اس بجٹ میں بھی خضدار شہر سمیت پورے ضلع کے لئے سینکڑوں اسکیمات کی منظوری دی جا چکی ہیں ترقیاتی منصوبوں سے ہی محرویوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ نال میں خضدار کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا ۔
اس موقع پر میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد ،ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے وائس چیئرمین عبدالحمید ایڈووکیٹ ،نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی احمد نواز بلوچ ،بی ایس او کے مرکزی ترجمان نادر بلوچ ،ڈائریکٹر صحت ڈاکٹرمراد مینگل ،ڈائریکڑ لوکل گورنمنٹ قلات ڈویژن عبدالواحد بلوچ ،نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کاکا حمید بلوچ ،انور راجہ بلوچ اور دیگر بھی موجود تھے ۔
سردار اسلم بزنجو نے ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت سے قبل امن و امان کی وجہ سے ترقی کا پہیہ رک چکا تھا لوگ امن کے خواہا ں تھے ۔
جب ہماری حکومت بنی ہم بلوچستان میں اربوں روپے کے ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کر کے ترقی کی رکی ہوئی پہیہ کو ایندھن فراہم کی اور آج ہم یہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اتحاد ی حکومت نے بلوچستان میں مثالی ترقیاتی اسکیمات مکمل کرادی اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں ۔
ہم نے حکومت اور وزارت میں کبھی سیاسی وابستگی کو اولیت نہیں دی بلکہ ہم نے اجتماعیت کو اولیت دی اور بلا رنگ و نسل و سیاسی وابستگی کے عوام کی خدمت کی کیونکہ ہم بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے فکر و فلسفے کے طالب ہیں ۔
ضلع خضدار میں ترقیاتی اسکیمات کے حوالے سے صوبائی وزیر نے بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت ضلع بھر میں اربوں روپے کے ترقیاتی اسکیمات جاری ہیں ،شہر میں سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے،میڈیکل کالج کا قیام مکمل ہو چکا ہے ۔
خواتین یونیورسٹی کیمپس نے بھی کام شروع کر دیا ہے ،ضلع کے چاروں اطراف میں کروڑوں روپے کی تعمیراتی ڈیمز بن رہے ہیں اور حالیہ بجٹ میں بھی بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خضدار کے لئے بھی اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیمات منظور کے لئے فنڈز رکھے گیئے ہیں۔
2018 ء کے انتخابات تک مزید ترقی اور خوشحالی آئے گی اور انشاء اللہ ہم کارکردگی اور عملی اقدامات کی بنیاد پر آنے والے انتخابات میں حصہ لیکر عوام کی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھیں گے ۔
خضدار میں میڈیکل کا لج کا قیام ہو چکا خواتین یونیورسٹی کیمپس کی منظوری بھی جلد ہوگی ،اسلم بزنجو
وقتِ اشاعت : June 30 – 2017