|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ورلڈ باکسنگ کونسل سلورفلائی ویٹ چمپئن پاکستانی باکسر محمد وسیم کی بین الاقوامی سطح پر پروفیشنل باکسنگ میں کامیابیوں کاسلسلہ جاری ہے۔

جمعرات کو انہوں نے ایک اورانٹرنیشنل مقابلے میں پاناما کے باکسر ایلی سروالڈیز کو ناک آؤٹ کرکے کامیابی حاصل کرلی۔ پاناما کے دار الحکومت پاناما سٹی میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے تحت ہونیوالی فائٹ آٹھ راؤنڈز پرمشتمل تھی تاہم محمد وسیم محمد وسیم ابتداء سے ہی میزبان حریف کھلاڑی ایلیسر والڈیز پر حاوی نظر آئے اور انہیں مکمل طور پر آؤٹ کلاس کردیا۔

محمد وسیم نے پہلے ہی راؤنڈ میں حریف باکسر کو ناک آوٹ کرکے کیا تا ہم اس نے شکست تسلیم کرنے سے انکارکردیا جس پردوسرا راؤانڈ ہوا اور اس راؤنڈ میں محمد وسیم نے مخالف پر تابڑ توڑ حملے کئے اوراسے مکمل ناک آؤٹ کردیا۔

وسیم نے یہ فائٹ دوسرے راؤنڈ میں جیت کر مسلسل چھٹی فائٹ میں ناقابل تسخیر ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔وہ اپنی شاندار کامیابی پر بے خوش نظر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس فائٹ کے لئے زبردست محنت کی تھی۔

پاکستانی کوچ محمدطارق سے کوچنگ کے علاوہ انہوں نے امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے بھی تربیت حاصل کی جس کی بنا پر وہ اپنی کامیابی کے لئے نہایت پرعزم بھی تھے۔اپنی جیت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں محمد وسیم نے اپنے حق میں دعائیں کرنے پر پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاناما کے باکسر کو شکست دینے اور اپنے ٹائٹل کا کامیابی کے ساتھ دفاع کرنے پر وہ بے حد خوش ہیں۔کوئٹہ میں محمد وسیم کے اہل خانہ نے بھی ان کی کامیابی پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔

ان کے بھائی محمد فہیم کا کہنا تھا کہ محمد وسیم نے اس فائٹ کیلئے بہت محنت کی تھی۔رمضان میں روزے کے باوجود وہ کوئٹہ میں اپنے قیام کے دوران سخت پریکٹس کرتے رہے۔ہمیں یقین تھا کہ ان کی محنت انشاء اللہ ضرور رنگ لائیگی ،اور ایسا ہی ہوا۔

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو جنوبی کوریا کے شہر سیؤل میں ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے تھے۔

بعد ازاں نومبر میں محمد وسیم نے سیؤل میں ہی ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔

گذشہ ماہ جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا تھا۔

اسپانسر شپ کے مسائل کے سبب چھ ماہ تک ’فیلکن خان‘ کے نام سے مشہور محمد وسیم باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے۔محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا ہے کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چمپئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چمپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ڈیگوہیگا کو اسکاٹ لینڈ کے باکسر نے چیلنج کر رکھا ہے۔محمد وسیم رواں سال کے آخر میں جاپانی یا اسکاٹ لینڈ کے باکسروں کے درمیان گولڈ ٹائٹل کیلئے ہونے والی چیلنج فائٹ کے فاتح سے رواں سال کے آخر یا آئندہ سال کے شروع میں مقابلہ کریں گے۔محمد وسیم کی خواہش ہے کہ وہ ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل حاصل کرکے پاکستان کیلئے تاریخ رقم کریں۔