|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع لسبیلہ، واشک ،قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد جاں بحق اور 40سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق پہلا حادثہ ضلع لسبیلہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر کنڈ ملیر کے قریب بزی ٹاپ کے مقام پر پیش آیا جہاں گوادر سے کراچی جانے والی مسافر ال حنیف بس نمبرBSA589تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گر گئی۔

حادثے میں تین افراد جاں بحق اور 15افراد زخمی ہوگئے۔ لاشوں کو ایدھی ایمبولنسز کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل جبکہ زخمیوں کو مسافر بسوں کے ریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد میں دو کی شناخت تربت کے رہائشی خدا بخش ولد شیر محمد بلوچ اور قصور کے رہائشی محمد بلال ولد محمد حسین کے نام سے ہوگئی ہے۔مزید کاروائی لیویز لیاری اوتھل کررہی ہے ۔

ادھر واشک کے علاقے ناگ میں کرائم برانچ پولیس کی گاڑی ٹائر برسٹ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ حادثے میں حوالدار حنیف اور سپاہی ہارون جاں بحق جبکہ حوالدار آصف ،حوالدار دلدار سپاہی رفیق اورڈرائیور نصیب اللہ کے علاوہ دو قیدی سوراب خان اور یاسر زخمی ہوگئے۔ کرائم برانچ کی گاڑی قیدیو ں کو لیکر کوئٹہ سے تربت جارہی تھی۔

دریں اثناء ضلع قلعہ سیف اللہ میں کوئٹہ ژوب روڈ پر اختر زئی تھانہ کے قریب کوئٹہ سے ژوب جانیوالے ٹرک نمبر TAD234 کے ڈرائیور نے ٹرک مال مویشی کے ساتھ پیدل جانیوالے خانہ بدوشوں پر چڑھادیا۔ حادثے میں دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔

جاں بحق ہونیوالوں میں درویش خان ولد نور محمد کی شناخت ہوئی جبکہ زخمیوں میں بی بی ولد حیات گل اورضیاء الحق ولد نور محمد کو ڈی ایچ کیو سول اسپتال کوئٹہ ریفر کیا گیا۔ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ لیویز نے ٹرک تحویل میں لے لیا۔

قلعہ سیف اللہ میں ہی کسٹم کے قریب مزدا ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 23سالہ امین اللہ ولد جلال سکنہ ژوب جاں بحق ہوگیا۔

ادھر ضلع موسیٰ خیل کی تحصیل کنگری کے علاقے راڑہ شم میں لاہور سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔ حادثے میں 18افرا د زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔ زخمیوں میں بیشتر کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔