خضدار: ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدارآغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ خضدار میں 16کروڑروپے سے زائد رقم خرچ کررہے ہیں ،جن میں مختلف منصوبے شہر کے اندرتشکیل دیئے جائیں گے ۔
اس سے قبل بھی کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں ، ہم چاہتے ہیں ہم سے جتنا ہوسکے عوام کی فلاح وبہبود پر رقم خرچ کرکے عوام کے مسائل کم کرنے کی کوشش کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے خضدار کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔
ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ بلاتفریق رنگ و نسل کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔
اب تک خضدار میں کروڑوں روپے خرچ کرچکے ہیں اور مذید کروڑوں روپے کے منصوبے بھی لارہے ہیں جن سے صحت ، تعلیم ، مواصلات، اور پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں کی صورت میں عوام کو بے حد فائدہ پہنچے گا ۔
انہوں نے کہاکہ عوام کی مشاورت سے منصوبے تشکیل دے رہے ہیں خضدار ٹیچنگ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پر پہلی بار 5کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کررہے ہیں ۔
جس سے جھالاوان کے اس بڑے ہسپتال کی تعمیر و مرمت بہتر انداز میں ہوسکے گا ۔
انہوں نے کہاکہ تعلیم و کھیل اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے بڑی تعداد میں خالی آسامیوں کو مشتہر کرکے ان پر بے روزگاروں کو تعینات کیا گیا ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے خضدار شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے اس سے قبل بھی کروڑوں روپے فراہم کیئے گئے اور رواں سال بھی کروڑوں ر وپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ یہ تمام منصوبے معیار ومیر ٹ کے تحت پورے کئے جائیں گے ۔