کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے گذشتہ شب کوئٹہ کے نواحی علاقہ میں پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی اورتین دہشت گردوں کی ہلاکت کو اہم پیشرفت قراردیتے ہوئے کاروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کی کارکردگی کو سراہاہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کانشانہ بنانے اورسیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اوران کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کاکہناہے کہ پولیس جانی قربانیاں دینے کے باوجود بلندحوصلے اورجرأت کے ساتھ دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں کیفرکردارتک پہنچارہی ہے اورپولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔
وزیراعلیٰ نے پولیس کی قربانیوں اورکارکردگی کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان پولیس کو ایک بہترین فورس میں ڈھالنے کیلئے صوبائی حکومت تمام وسائل فراہم کریگی اورملک وقوم کیلئے قربانی دینے والے پولیس شہدأ کے لواحقین کاہرطرح سے خیال رکھاجائے گا اورحکومتی پالیسی کے مطابق انکی مالی امداد،بچوں کی تعلیم اورگھرانے کے ایک فرد کوسرکاری ملازمت کی فراہمی ہرصورت یقینی بنائی جائے گی۔
بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،نواب زہری
وقتِ اشاعت : July 15 – 2017