|

وقتِ اشاعت :   July 15 – 2017

کوئٹہ :  بلوچ ریپبلکن پارٹی کے مرکزی ترجمان شیر محمد بگٹی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈاڈائے قوم شہید نواب اکبر خان بگٹی کی یوم پیدائش کے موقع پر بی آر پی کی جانب سے دنیا بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا اور ڈاڈائے قوم کی یوم پیدائش کو شاندار طریقے سے منایا گیا۔

بزرگ قوم پرست بلوچ رہنما و شہید عظم نواب اکبرخان بگٹی کی 90واں یوم پیدائش کے موقع پر بلوچستان کے مختلف علاقوں سمیت دنیا کے متعدد ممالک بشمول دبئی، اومان، افغانستان، جرمنی جبکہ مرکزی تقریب کا اہتمام سوئٹرزلینڈ کے شہر جنیوا میں کیا گیا جس میں مختلف کمیونٹی کے نمائندگان اور این جی او کے کارکنوں نے شرکت کی۔

تمام پروگراموں میں کیک کاٹے گئے اور ڈاڈائے قوم کی زندگی اور قومی تحریک آزادی کی سنگ بنیاد رکھنے کے حوالے سے ان کی بے مثال جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی،

جنیوا میں مرکزی تقریب میں بلوچ قومی رہنما نواب براہمدغ بگٹی نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاڈائے قوم کو ان کی قربانی اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ڈاڈائے قوم کی یوم پیدائش ہے جو نہ صرف میرے لیئے بلکہ پوری قوم کیلئے خوشی کا دن ہے ہمارے لیئے ضروری ہے کہ قائد کی جہد و خدمات پر روشنی ڈالیں اور اس کے متعلق اپنے آنے والی نسلوں کو آگاہ کریں۔

نواب براہمدغ بگٹی کا کہنا تھا کہ شہید ڈاڈائے قوم نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کیلئے جدوجہد کی اور آخر میں اپنے خون کی قربانی دیتے ہوئے قومی آزادی کیلئے شہید ہوگئے ۔

اسی طرح شہید بالاچ مری، شہید شیر محمد، شہید غلام محمد، شہید لالا منیر جیسے رہنماؤں اور ہزاروں بلوچ فرزندوں نے سرزمین کی دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں ان کی قربانیاں پوری قوم کے سامنے ہیں انھیں فراموش نہیں کیا جاسکتا بلکہ ہمیں اپنے شہدا کی قربانیوں پر فخر ہے جو ہمیں مزید طاقت بخشتے ہیں اور تحریک کو مزید توانائی فراہم کرتے ہیں جو منزل کو قریب تر کررہے ہیں۔