کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے ہمارے مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔ اس مرض پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند مستقبل دے کر بلوچستان کو مجموعی طور پر توانا بنانا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پولیو وائرس کے خاتمے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،ڈی آئی جی بلوچستان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسران، ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور بل گیٹ فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے باعث پولیو مہم کو مؤثر اور مربوط بنانے میں مدد مل رہی ہے اور مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں تاہم پولیو مہم کی کامیابی کے لئے ڈاکٹرز اور پولیو رضاکار کمیونٹی لیول پر کام کرکے عوام کو اس کے مثبت نتائج سے آگاہ کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے تمام دوردراز علاقوں تک پولیو ٹیموں کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
اس کے علاوہ پولیو مہم کی بھرپور کامیابی کے لئے مؤثر اقدامات کرنے جبکہ پولیو ورکروں کو بھرپور سیکیورٹی اور تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کوئی غفلت وکوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس سے قبل اجلاس کے شرکاء نے پولیس شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔