کوئٹہ : جماعت اسلامی بلوچستان کادوروزہ صوبائی مجلس شوریٰ اہم اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں زیرصدارت صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی منعقدہوا اجلاس کاآغازتلاوقت کلام پاک سے ہوا۔
میں صوبہ بھر سے اراکین شوریٰ ،ذمہ داران صوبہ نے شرکت کی اس موقع پر ملکی علاقائی وصوبے کی صورتحال ،سابقہ فیصلوں پر عمل درآمد ،اضلاع کی تنظیمی صورتحال واہداف کاجائزہ ،آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کی گئی اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی بلوچستان کے مسائل حل کرسکتی ہے اس وقت جماعت ہی عوام کی درست ترجمانی کر رہی ہے۔
ضلعی امراء یونٹس کی سطح پر کام پر توجہ دیکر تنظیمی سیاسی کام کو فعال کرنے کیلئے منصوبہ بندی کریں۔
الیکشن 2018ء کیلئے تیاری کریں صرف جماعت اسلامی کو یہ اعزازحاصل ہے کہ یہ قومی منظم جماعت ہے یہ بات خوش آئند ہے کہ لوگ دیگر جماعتوں سے مایوس ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔
بدقسمتی سے بلوچستان میں ایک بار پھر بدامنی ،مہنگائی ،کرپشن میں اضافہ ہورہا ہے بے یقینی و مایوسی اور بدترین سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سلسلہ شروع ہے ۔
حکومت نوجوانوں میں پایاجانے والا غصہ ،مایوسی و نفرت ،بے روزگاری کاازالہ کریں عوام کو معاشی آئینی حقوق دیں۔وفاقی حکومت پاک چین راہداری منصوبے میں مغربی روٹ کوتر جیحی طور پرپہلے اور جلداز جلد مکمل کریں۔
باری باری برسراقتدار رہنے والے حکمران طبقہ کی نا اہلی ،بدترین کرپشن ، عام آدمی کے مسائل سے مسلسل پہلو تہی کی وجہ سے عوام میں حکومتوں ہی نہیں سسٹم سے مایوسی پیداہورہی ہے۔ یہ صورت حال ملک و قوم کے لیے کسی صورت خوش آئند نہیں۔
حکومت انتخابی اصلاحات کرکے عوام کا انتخابات پر اعتماد بحال کریں موجودہ نظام انتخابات موروثی اور جاگیردارانہ سرمایہ دارانہ طرز سیاست کو ہی مضبوط بناتاہے اور اس کے ذریعے ہر طرح کے کرپٹ مافیا زکا پارلیمنٹ تک پہنچنا آسان ہو جاتاہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہاہے۔
شوریٰ اجلاس سے اراکین شوریٰ وصوبائی زمہ داران نے بلوچستان میں امن و امان کی انتہائی ناگفتہ بہ صورت حال پر گہری تشویش کااظہاربھی کیا انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ہیں عوام کیساتھ اب پولیس کے اعلیٰ آفسیرزپر بھی حملے ہورہے ہیں ۔
عوام کی جان ومال کی حفاظت حکومت کا فرض ہے جماعت اسلامی مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی ، دہشتگردی ، بدترین لوڈشیڈنگ جیسے مسائل میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ اپنے بہترین عوامی ایجنڈے کے مطابق بھر پور عوامی تحریک کے ذریعے پسے ہوئے اور محروم طبقات اور غریبوں کو منظم کریں گے اور ہم ان شاء اللہ اسلامی نظام کے ذریعے پاکستان کو ایک مکمل اسلامی فلاحی ریاست اوربلوچستان کوخوشحال بنائیں گے ۔
جماعت اسلامی کا ہدف ’’اسلامی پاکستان ، خوشحال بلوچستان ‘‘ عوام کے دل کی آواز ہے ۔ ان شاء اللہ اسلامی پاکستان خوشحال بلوچستان کی منزل جلد قریب آئے گی ۔
جماعت اسلامی صوبائی شوریٰ اجلاس آج بھی جاری رہیگا اجلاس میں اہم فیصلے ،صوبے کے سیاسی عوامی معاشی مسائل کے حوالے سے قراردادیں بھی پاس کی جائیگی۔