کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل کی رہائش گاہ پر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ، ساجد ترین ایڈووکیٹ ، قاسم رونجھو جبکہ اے این پی ارباب عمر فاروق کاسی ، ابراہیم کاسی ، نعیم بازئی ، عصمت اللہ بازئی موجود تھے ۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص ضمنی انتخاب کے حوالے سے امور زیر غور آئے اس موقع پر پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہماری اتحادی جماعتوں نے بی این پی کے حق میں ووٹ دے کر قومی دوستی وطن دوستی کا ثبوت دیا سیاسی پارٹیوں سے قریبی تعلق صرف ضمنی انتخاب تک نہیں بلکہ مستقبل میں بھی بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کیلئے قریبی روابط کو مزید پروان چڑھانا ہو گا ہزارہ ، پشتون ، بلوچ عوام کے ساتھ روابط کو مزید آگے بڑھائیں ۔
آئندہ مستقبل میں مجموعی طور پر جملہ مسائل کے حل کیلئے یکجا ہو کر جدوجہد کو اولیت دینا ہوگی تب ہی بلوچستان میں سیاسی رجحان کو فروغ دیا جا سکے گا بلوچستان میں تنگ نظری کی سوچ کی بیخ کنی کر کے ترقی پسند ، روشن خیال سوچ پر عمل پیرا ہو کر جدوجہد کرنی چاہئے جس میں تمام اقوام کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے تعصب اور لسانیت سے پاک فکر کو اپناتے ہوئے بالخصوص فرقہ واریت کے خاتمے کی جانب بڑھنے کیلئے بلوچستانیوں کو شیرو شکر کر کے بلوچستان میں اجتماعی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔
ہماری جدوجہد عوامی کی احساسات و جذبات کی ترجمانی کرنا ہے حقیقی سیاسی قوتیں عوام کی اجتماعی معاملات کو ملحوظ خاطر رکھ کر جہد کرتی ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم فعال اور متحرک ہو کر مثبت بھائی چارے کو فروغ دیں۔
سردار اختر جان مینگل نے ان تمام سیاسی قوتوں عوام سمیت ہر طبقہ فکر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی امیدوار کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کیا جو سیاسی و اخلاقی طور پر ہماری فتح ہے ہماری جدوجہد عوام کی خدمت ہے جو ہمیشہ جاری رہے گی ۔