|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2017

پشاور: حیات آباد میں باغ ناران کے قریب ایف سی کی گاڑی کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر جمال شیران سمیت 2 اہلکار شہید جب کہ 9 افراد زخمی ہوگئے۔

 پشاور کے علاقے حیات آباد میں باغ ناران کے قریب ایف سی کی گاڑی کے قریب خود کش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر جمال شیران سمیت 2 اہلکار شہید جب کہ 9 زخمی ہوگئے، واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کی گاڑی معمول کہ گشت پر تھی کہ اسی دوران موٹر سائیکل سوار بمبار نے خود کو گاڑی سے ٹکرادیا، پولیس حکام کےمطابق خودکش حملہ آور کے جسم کےاعضا مل گئےہیں جب کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا انجن بھی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف اور گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے پشاور میں ایف سی پر حملے کی مذمت کی اور میجر جمال شیران کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کی مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرنے اور صوبائی حکومت کو زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔