|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2017

کوئٹہ: قلات اور لورالائی کو تقسیم کرکے دکی اور شہید سکندر آباد کے نام سے بلوچستان میں مزید دو اضلاع قائم کردیئے گئے۔ اضلاع کی تعداد34ہوگئی۔

گورنربلوچستان کی جانب سے منظوری کے بعد محکمہ مال بلوچستان نے نئے اضلاع کے قیام کے دو الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے گزشتہ سال دونوں اضلاع کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان ریونیو ایکٹ 1967کی شق6کے تحت حکومت بلوچستان نے سب ڈویژن دکی کو اپگریڈ کرتے ہوئے ضلع کا درجہ دیدیا ہے ۔

یہ ضلع لورالائی کو تقسیم کرکے اس کی تحصیل دکی کی حدود پر مشتمل ہوگا اور اس کا ضلعی ہیڈ کوارٹر دکی ہوگا۔ یہ ضلع ژوب ڈویژن میں شامل ہوگا۔ نوٹیفکیشن یکم اگست2017ء سے قابل اطلاق ہوگا۔ نوٹیفکیشن کی منظوری گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے دی ہے ۔

اسی طرح قلات ڈویژن کے سب ڈویژن اور ضلع قلات کی تحصیل سوراب کو ضلع کا درجہ دیدیا ہے اور اس کا نیا نام وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے مقتول بیٹے سکندر زہری کے نام پر ’’شہید سکندر آباد ‘‘ہوگا۔

ضلع قلات کو تقسیم کرکے بنایاگیا ہے اور یہ سب ڈویژن سوراب پر مشتمل ہوگا۔ اس کا ہیڈکوارٹر سوراب ہوگا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق اس سال یکم اگست سے ہوگا۔ نئے اضلاع کے قیام کے بعد بلوچستان میں اضلاع کی تعداد34ہوگئی ہے۔