|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2017

کوئٹہ: کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں نے الگ بیرک میں رکھنے پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کی۔ پولیس کی اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر قیدیوں کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کرکے منتشر کردیا۔

جیل ذرائع کے مطابق کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کے بیرک نمبر7میں قید دس سے زائد قیدیوں نے سرچ آپریشن کے دوران تلاشی لینے اور الگ بیرک میں منتقل کرنے پر سخت احتجاج کیا۔ قیدیوں نے اپنے کمبل جلا کر ہنگامہ آرائی کی۔ نعرے لگائے۔

جیل انتظامیہ نے صورتحال بے قابو دیکھ کر اضافی پولیس نفری طلب کی۔ ایف سی بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کرکے قیدیوں کو منتشر کردیا۔ قیدیوں کو الگ بیرک میں منتقل کرکے آگ پر قابو پالیا گیا۔

احتجاج کرنیوالے قیدی منشیات، چوری ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ہیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق احتجاج کرنیو الے قیدیوں کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دیدی گئی ہے۔