|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2017

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے کوئی سچا کاغذ عدالت کو نہیں دیا لیکن سپریم کورٹ کے سامنے اتنا ریکارڈ ہے کہ ہرصفحے پر نئی کہانی اور نئی فلم بن سکتی ہے۔

سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سماعت کے دوران شریف خاندان کے وکیل نےکہا کہ یہ جائیداد نوازشریف کی نہیں ان کے والد کی ہے، وزیراعظم کے والد کے کیا اثاثے ہیں اس حوالے سے نہیں پتا اوریہ بھی نہیں پتا کہ نواز شریف کے بیٹے کے کیا اثاثے ہیں۔

نوازشریف اوران کے بچوں نے عدالت میں جھوٹ بولا، انہوں نے کوئی سچا کاغذ عدالت کو نہیں دیا لیکن عدالت کے سامنے اتنا ریکارڈ ہے کہ ہر صفحے پر نئی کہانی اور نئی فلم بن سکتی ہے جب کہ جمعے کے روز پامانا کیس کا اختتام ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حسن، حسین اورمریم جتنا ایک سال میں خرچ کرتے ہیں اتنا ضلعی حکومتوں کا بجٹ نہیں ہوتا۔

صرف پاپا کے پاپا پاپی نہیں، پاپا بھی پاپی ہیں اوربچے بھی پاپی ہیں، مریم 20 سال اورحسن 16 سال میں ارب پتی بن گئے مگرنواز شریف کو پتا نہیں، یہ ساری قوم کو پاگل سمجھتے ہیں، حسن نواز نے 1999 میں خود کو بطور طالب علم ظاہر کرتے ہوئے انٹرویو دیا، 6 سال بعد حسین نواز 13 کمپنیوں کے مالک بن جاتے ہیں، حسین نوازکی تمام کمپنیاں خسارے میں ظاہر کی گئیں۔

اسحاق ڈار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جعلسازی اورمنی لانڈرنگ میں جونام اسحاق ڈار نے کمایا اس کی مثال نہیں ملتی، ٹیکس چوری اور فراڈ میں اسحاق ڈار نے ریکارڈ بنائے جو کوئی توڑ نہیں سکتا۔

اسحاق ڈار کے بچے دنیا کی مہنگی ترین گاڑیاں استعمال کرتے ہیں، ان کے بیٹےعلی ڈار نے ہل میٹل کو پیسے بھجوائے۔