|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2017

کوئٹہ:  پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کچھی کینال فیز ٹو کی منسوخی و التواء کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل کی پوشیدہ سودے بازیوں کے بعد حکمرانوں نے اب واضح طور پر بلوچستان کے اجتماعی مفادات کی سودہ بازی شروع کر دی ہے ہم نے روز اول سے حکمرانوں کی بلوچستان سے ظاہری ہمدردی کے اصل محرکات عوام پر آشکار کر دئیے تھے جو آج عملاً عوام کے سامنے ہیں ۔

کچھی کینال منصوبہ بلوچستان کی معاشی شہ رگ ہے اور فیز ٹو کی منسوخی لاکھوں افراد اور سینکڑوں خاندانوں کا معاشی قتل ہے اس عوام دشمن فیصلے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی بلوچستان بھر میں شدید احتجاج کرے گی۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار رند نے کہا کہ کچھی کینال فیز ٹو کی منسوخی کے فیصلے سے وفاقی حکومت کی بلوچستان دشمنی کھل کر سامنے آ گئی ہے اور عوام پر واضح ہو گیا ہے کہ حکمران اپنے مفادات کے لئے بلوچستان کی ترقی کے بے بنیاد دعوئے کرتے چلے آرہے ہیں ۔

سی پیک میں کچھی کینال جیسے اہم معاشی منصوبے کو شامل کر نے کے بجائے وفاقی ترقیاتی پروگرام سے بھی اس منصوبے کو نکالنے کی سازش کی جا چکی ہے جس پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے انہوں نیکہا کہ کچھی کینال منصوبے کی منسوخی کے فیصلے پر بلوچستان کے حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی باعث حیرت ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کر ے گی۔

اقتدار کے ایوانوں میں عوامی مفادات کا سودہ کرنے والوں اور اس عمل پر خاموشی اختیار کرنے والے دونوں عوام اور بلوچستان کی دھرتی کے مجرم ہیں انہوں نیکہا کہ اس ظالمانہ فیصلے پر خاموش، نہیں بیٹھیں گے بلکہ سڑکوں پر آئیں گے بلوچستان کے وسائل بے دردی سے لوٹنے کے بعد اب معاشی منصوبوں پر قدغن لگا کر آنے والی نسلوں کو پسماندگی بے روزگاری اور محتاجی کے سلیب پر چڑھایا جا رہا ہے۔