|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،بلالائسنس ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 7ادویہ ساز کمپنیوں اور میڈیکل سٹور مالکان کی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئے ہیں بلکہ 2کیسز میں ایک ہی ڈرگ انسپکٹر کے 2مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے گئے ہیں ۔

گزشتہ روز غیر معیاری ،بلا لائسنس اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات کی ڈرگ کورٹ کے روبرو سماعت ہوئی تو مرین نیٹرو فارما کے چیف ایگزیکٹو فرحان خان ،پروڈکشن منیجر سیف الرحمن ،کوالٹی کنٹرول انچارج احمد رضا اپنے خلاف قائم دو مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش نہ ہوسکے جس پرعدالت نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے۔

اس کے ساتھ عدالت نے کیس میں کوالیفائیڈ پرسن علی عمران اور مالک محمد منیر کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے اور ہدایت کی کہ ملزم علی عمران کے وارنٹ ڈی پی او سبی اور محمدمنیر کے ڈی پی او سکھر کو بھجوائے جائیں تاکہ پولیس انہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرسکے۔

،عدالت نے ہائی B انٹرپرائزز کے بشیر احمد کے خلاف قائم دو مقدمات کی سماعت کی لیکن اس موقع پر ملزم عدالت کے روبروپیش نہ ہوسکے جس پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے گئے ۔

صالح میڈیکل سٹور کیس میں نامزد عبدالحنان اور محمد طاہر کی عدم پیشی کے بعد عدالت کی جانب سے جاری کئے گئے وارنٹ ایس ایچ او نیو سریاب کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی عدالت نے بلال میڈیکل سٹور کے مالک حزب اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ پشتون آباد بھجوانے کے احکامات دئیے جبکہ خالد میڈیکل سٹور کے مالک محمد ہاشم کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔

اس کے علاوہ فیصل میڈیکل سٹور اور محمود میڈیکل سٹور کے کیسز میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے ڈرگ انسپکٹر عصمت اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اس سے سی سی پی او کوئٹہ کو بھجوانے کے احکامات جاری کئے اور ہدایت کی کہ انہیں گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیاجائے گزشتہ روز عدالت میں اس کے علاوہ بھی متعدد کیسز کی عدالت میں سماعت ہوئی بعدازاں کیسز کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔