|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2017

کوئٹہ : کوئٹہ کے مضافاتی علاقوں کچلاک، سریاب ، ویسٹرن اور ایسٹرن بائی پاس سمیت دیگر علاقوں میں سرکاری سکولوں پر جزوی اور مکمل قبضہ کرنے والے عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے قبضہ فوری طور پر چھڑانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نصیب اﷲ خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں اے سی سٹی بتول اسدی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ گل محمد کاکڑ، ایجوکیسن پراجیکٹ کے افسران ذوالفقار خان، فرید خان اسپیشل مجسٹریٹس اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں سکولوں کے انتظامی معاملات زیر بحث آئے اور مضافاتی علاقوں میں بعض عناصر کی طرف سے کچھ سکولوں پر جزوی اور مکمل قبضے، تعلیمی سلسلے میں رکاوٹیں، اساتذہ کی مشکلات پر غور ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ قبضہ ختم کراکے فوری تعلیمی سلسلہ شروع کی اجائے گا اور اس حوالے سے کوئی دباؤ یا سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں انتظامیہ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کوئٹہ کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو دس یوم میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی مکمل کرکے رپورٹ دیں گی اور قابض عناصر کے خلاف قانونی ایکشن لیتے ہوئے معاملات آگے بڑھائیں گی۔