اکوڑہ خٹک: جمعیت علماء اسلام (ف) کے ایک اعلی سطحی وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ملک کو درپیش صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وفد میں مستقبل میں انتخابی صورتحال میں دینی جماعتوں کے کردار اور اتحاد کو زیر بحث لایا گیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ملک کے دینی تشخص اور اسلامی شناخت کے تحفظ کیلئے دینی جماعتوں کے متحد ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں مگر ہمیں دیکھنا یہ ہو گا کہ ہمارے مقاصد اور دینی اہداف کیلئے ملک کی کونسی سیاسی جماعتیں ہماری منزل ملک میں نفاذ شریعت کیلئے رفیق سفر ہو سکتی ہے۔
دینی جماعتیں تو اشتراکت اقتدار کے ایجنڈے کے تحت لادینی سیاسی جماعتوں کا حصہ بنی ہوئی ہیں اب دیکھنا ہو گا کہ مستقبل میں یہ صف بندی کیا صورت اختیار کر سکتی ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے وفد سے ماضی کے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے بارہ میں اپنے تلخ تجربے بیان کئے اور کہا کہ اتحاد کیلئے حسن نیت اخلاص اور ایک دوسرے کیلئے قربانی کی ضرورت پڑتی ہے۔
وفد کے قائد مولانا حیدری نے مولانا سمیع الحق کے خدشات اور تحفظات کو وزن دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد سے قبل ان سارے امور پر غور کیا جائے گا، وفد میں جمعیت علماء اسلام کے چاروں صوبوں کے جنرل سیکرٹری سندھ سے مولانا راشد سومرو ، کراچی سے جناب محمد اسلم غوری ، کوئٹہ سے سکندر خان ایڈوکیٹ مولاناصلاح الدین، کے پی کے سے مولانا شجاع الملک مفتی عبدالشکور، جناب شمس الرحمان شمسی، راولپنڈی سے اقبال اعوان مولانا سخی بہادر اور دیگر شامل تھے ۔
ایم ایم اے کی بحالی، مولانا غفورحیدری کا مولاناسمیع الحق سے ملاقات
وقتِ اشاعت : July 23 – 2017