کوئٹہ : ریجنل پولیس آفیسر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس نے بھتہ خوری کے 95 فیصد کیسز کو حل کیا ہے بزنس کمیونٹی ، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے تعاون سے جرائم پر قابو پا کر امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے پولیس کے رویئے میں بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں محکمہ میں سزا اور جزا کے عمل پر کاربند ہو کر غلط کام کرنے والوں کا محاسبہ کیا جا رہا ہے۔
کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ منظوری کے مراحل میں ہے حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد اس پر کام کا آغاز ہو جائیگا جس سے کوئٹہ میں بد امنی اور جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے دورے کے موقع پر عہدیداروں اور ممبران سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔
اس موقع پر پاک ایران مشترکہ ایوان صنعت وتجارت کے صدر و وفاقی ایوان صنعت وتجارت کے نائب صدر حاجی ولی محمد ، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈر اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر ملک ندیم کاسی، حاجی جمعہ خان، حاجی رفو گل بڑیچ، حاجی محمد اکبر مینگل، حاجی شیر علی بنگلزئی، جاوید احمد پراچہ ، مقبول الہیٰ بھٹی،قاسم خان سوری، سلیم رضا ایڈووکیٹ، حاجی نادر ، نعیم رمضان، باری بڑیچ، حاجی نعمت اللہ نورزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
جاوید احمد پراچہ نے کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈر کی جانب سے امن وامان سمیت دیگر صورتحال کے حوالے سے ڈی آئی جی کو آگاہ کر تے ہوئے بتایا کہ آج سے تین سال قبل آپ کے دورہ چیمبر کے موقع پر کوئٹہ کے حالات کافی خراب تھے۔
تاجروں کی ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتیں عروج پر تھی لیکن پولیس نے قربانیاں دے کر امن کے قیام کو یقینی بنایا ہے تاجر برادری نے ہمیشہ پولیس اور تاجروں کے درمیان حائل رکاوٹوں اور فاصلوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ چیمبر کے اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پولیس وامن وامان کی فہرست آپ کے حوالے کرینگے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے سمیت امن کے دیرپا قیام کے لئے ہم اپنا کردا رادا کرینگے۔
اس موقع پر آر پی او ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ میری کوشش ہے کہ میں تاجر برادری، بزنس کمیونٹی، سول سوسائٹی سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لو گوں سے رابطے میں رہوں تاکہ ان کی تجاویز پر عملدرآمد کر کے معاملات کو بہتری کی جانب لے جائے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ میں نے عام شہریوں کی طرح ہر مکتبہ فکر سمیت تاجروں کے لئے بھی24 گھنٹے حاضر ہوں کسی بھی مشکل وقت یا صورتحال میں رابطے کے لئے عوام کی آسانی کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام تھانوں کے باہر اپنا نمبر درج کرایا ہے تاکہ کوئی بھی شہری کسی بھی شکایت کے موقع پر براہ راست میرے ساتھ رابطہ کریں تاکہ میں ان کی شکایت سنو ں اور انہیں حل کرو ۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے اغواء برائے تاوان سمیت بھتہ خوری کی وارداتوں کا تدارک کیا ہے اور 95 فیصد بھتہ کی وارداتیں ختم کر رکھی ہے جبکہ5 فیصد وارداتوں میں بھتہ نہیں دیا گیا یا پھر بھتہ خور خود ہی غائب ہو گئے ہیں میں یقین دلاتا ہوں کہ اس طرح کے معاملات میں آپ برائے راست میرے ساتھ رابطہ کریں ۔
میں آپ کو تحفظ دینے کے ساتھ ساتھ مسئلے کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرونگا انہوں نے کہا ہے کہ اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں جو ملزمان ملوث ہے جب یہ کیس حل ہونگے تو وہ آئندہ اس طرح کی واردات کرنے کے قابل نہیں ہونگے۔
اس لئے بنیادی معلومات فراہم کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے اگر ہمارے ساتھ شہری تعاون کر رہے ہیں تو ہم نے بہت سی وارداتوں کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ سیف سٹی کا منصوبہ منظوری کے لئے حکومت کے پاس جیسے ہی حکومت اس کی منظوری دے گی اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا جائیگا۔
ہزار گنجی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہاں پر لو گوں کو تحفظ فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ سہولیات دینگے اس موقع پر حاجی رفو گل بڑیچ ، حاجی شیر علی بنگلزئی، حاجی محمداکبر مینگل، منان ترین سمیت دیگر نے ہزار گنجی کوئٹہ میں کمیٹیوں کے قیام اور کمیونٹی پولسنگ سسٹم کے حوالے کے ساتھ ساتھ تھانوں میں کم نفری کا بھی تذکرہ کیا ۔
جس پر انہوں نے بتایا کہ تھانہ شالکوٹ کی حدود میں جو غیر معروف راستے ہیں انہیں بند کرینگے جناح ٹاؤن اور تھانہ شالکوٹ میں نفری کی کمی کو پورا کیا جائیگا۔
پولیس کو موٹرسائیکلیں اور دیگر سہولیات دے رہے ہیں کیونکہ پولیس ڈھائی سو جوان تربیت حاصل کر رہے ہیں اور مزید ڈھائی سو جوانوں کو تربیت کے لئے بھیجا جائیگا ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس اور شہریوں میں بہتر روابط کے لئے کام کر رہے ہیں اس موقع پر پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی ولی محمد نے ان کا شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تاجروں کے بہت سے مسائل کو حل کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی تاجر برادری پولیس مل کر کام کریں۔
اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ کو پاک ایران چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی ولی محمد ، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر ملک ندیم کاسی سمیت دیگر رہنماؤں نے شیلڈ پیش کی۔