امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سین اینٹونیو میں پولیس کا کہنا ہے کہ والمارٹ سٹور کے کار پارک میں کھڑے ایک ٹرک سے آٹھ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
اس میں موجود 20 دیگر افراد کی حالت تشویشناک ہے جنھیں ہسپتال پہنچ دیا گیا ہے۔
پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ یہ ٹرک کہاں سے آیا تھا لیکن اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس ممکنہ طور پر انسانی سمگلنگ کے جرم کی تفتیش کر رہی ہے۔
امریکی امیگریشن کا شعبہ متاثرین کی امیگریشن کی حیثیت جاننے کی کوشش کر رہا ہے۔
سین اینٹونیو شہر میکسیکو کی سرحد سے گاڑی پر چند گھنٹے کی دوری پر ہے۔
ٹرک میں بچے اور بڑے دونوں موجود تھے۔
پولیس کے سربراہ ولیم مکمینس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاشیں اس وقت دریافت ہوئیں جب والمارٹ کے ایک ملازم نے پولیس کو فون کیا۔ اس سے ٹرک میں موجود ایک شخص نے پانی مانگا تھا۔
پولیس کے سربراہ نے تصدیق کی کہ متاثرین میں دو سکول کے بچے بھی تھے۔ ان کی حالت کے متعلق ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ’خوش قسمتی سے ٹرک میں بند 38 افراد میں سے سبھی ہلاک نہیں ہوئے۔‘
اس علاقے میں بہت زیادہ گرمی پڑ رہی ہے۔