گوادر: ضلعی انتظامیہ کی واٹر ٹینکرز مالکان کے ساتھ کامیاب مزاکرات کے بعد واٹر ٹینکرز مالکان نے دو دن سے جاری ہڑتال کو ختم کردیا۔ واٹر ٹینکرز مالکان کی ضلعی انتظامیہ کو سات دن کی ڈیڈلائن۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گوادر محمد نعیم بازئی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کیپٹن (ر) جمیل احمد بلوچ نے اتوار کے روز ٹینکرز مالکان سے مزاکرات کرکے دو روز سے جاری ہڑتال کو ختم کرادیا ۔
کامیاب مزاکرات کے بعد ٹینکر مالکان نے ہڑتال ختم کرکے شہر کو پانی کی سپلائی دوبارہ شروع کردی۔تاہم واٹر ٹینکرز مالکان نے انتظامیہ کو 31جولائی کا ڈیڈلائن دے دیا۔ٹینکرز مالکان کا کہنا تھا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر واجبات ادا نہ ہوئے تو وہ شہر کو پانی کی سپلائی دوبارہ بند کردیں گے اور اس میں پھر مزاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔
اس موقع پر ایکسئین پبلک ہیلتھ شکیل احمد بلوچ،ایس ڈی او پبلک ہیلتھ نثار احمد،جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا عبدالحمیدانقلابی،واٹر ٹینکرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان حاجی غلام حسین دشتی ، محمود، حاجی خالد دشتی ، عبدالرحمن ودیگر بھی موجود تھے۔