اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) کے وزیراعظم کے عہدے کے نامزد امیدوار شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں ان کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کی .
ان کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ کافی دیر انتہائی خوشگوار ماحول میں جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کے سیاسی امور اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف ملک و قوم کے محسن ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے اقتدار کے دوران ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کی منازل طے کیں۔
عوام کے دل سے محمد نواز شریف کی محبت کو کسی طور کم نہیں کیا جاسکتا ہے جبکہ محمد نواز شریف پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں ہے دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ کو مضبوط اور متحد رکھنے کیلئے وہ اپنا کردار ادا کریں گے اور آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ایک مرتبہ پھر بھرپور مینڈیٹ حاصل کرے گی۔
پارٹی کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے بھی ملک کی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی وزیراعلیٰ کو ملاقات کی دعوت اسپیکر کی جانب سے دی گئی۔