|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2017

کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ دنیا بڑی تیزی سے کروٹیں بدل رہی ہے جس کے باعث ہم ایک نئی دنیا میں داخل ہورہے ہیں جو انجینئرنگ اور میڈیکل سائنسز کی روشنی سے اپنے اذہان کو منور کرنے کا متقاضی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پہلے کانووکیشن کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹرجاوید اقبال، سابق کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء اور پرنسپل کمز پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودود کے علاوہ سینئر سول وفوجی ڈاکٹرز، میڈیکل گریجویٹس اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

گورنر نے فارغ التحصیل میڈیکل گریجویٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کانووکیشن نہ صرف طلباء وطالبات کے لئے بلکہ والدین اور فیکلٹی ممبرز کے لئے خوشی اور مسرت کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا آج یہاں اکٹھا ہونا آپ کی انتھک کاوشوں اور محنت کے ثمرات کے حصول کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے گریجویٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کا اولین مقصد کردار سازی اور اخلاق سنوارنا ہے۔

بحیثیت ڈاکٹر آپ کاحلف اٹھانا اور اس کی پاسداری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ذات اور ذات الہٰی سے مخلص رہنے پر زور دیتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرکے اجتماعی مفادات کے لئے بروئے کار لائیں۔ گورنر نے کوئٹہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے پرنسپل، فیکلٹی ممبرز اور منتظمین کی کاوشوں کو لائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی مسلسل اور انتھک کاوشوں کی وجہ سے اس کانووکیشن کا انعقاد ممکن ہوا اورآپ کی کاوشیں اور خدمات ہی کے باعث بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

گورنر نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کی کانووکیشن کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔

گورنر نے نئے فارغ التحصیل ینگ ڈاکٹرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آپ دکھی انسانیت کی خدمت کریں گورنر نے کمز کے لئے پانچ ملین روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

آخر میں گورنر بلوچستان اور کمانڈر سدرن کمانڈ نے ینگ ڈاکٹرز میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ قبل ازیں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور سابق کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور پرنسپل کمز نے بھی ادارے کی کارکردگی اور اغراض مقاصد پر روشنی ڈالی۔