|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2017

اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر حملے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی عملے نے ناکام بنادیا۔

 پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے شیخ رشید کو اپنے حصار میں لے کر انہیں بحفاظت گاڑی میں بٹھادیا۔

اس دوران  (ن)لیگ کے کارکن شیخ رشید اور چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

اس سے قبل اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے مریم نواز کا نام لے کر کچھ کہنا چاہا تو عابد شیر علی اور کیپٹن صفدر نے سخت احتجاج کیا، مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ ہماری خواتین کا نام نہ لیں جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں نے مریم بی بی کہا ہے وہ میری بیٹیوں جیسی ہیں جب کہ اگر میں مارا گیا تو قتل کے مجرم نواز شریف، شہباز شریف اور ان کا خاندان ہو گا جب کہ نومنتخب وزیراعظم کے خلاف بات کرنے پر پی ٹی وی نے شیخ رشید کی تقریر روک دی۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے مجھ پر حملہ کرنے کے لیے غنڈوں کو بلایا ہوا تھا اور انہوں نے مجھے گالیاں بھی دیں جب کہ سارا شریف خاندان جیل جائے گا۔