کراچی : اورماڑہ میں قائم نیول ائیر اسٹیشن کے نئے رن وے کے تعمیراتی کام کے آغاز اور کیڈٹ کالج اورماڑہ کے نو تعمیر شدہ تدریسی بلاک کی افتتاحی تقریب آج اورماڑہ بلوچستان میں منعقد ہوئی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
مہمان خصوصی کی آمد پر کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے ان کا خیر مقد م کیا۔ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے تدریسی بلاک کے افتتاح کے بعد ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اس تعمیر ی منصوبے پر متعین ٹیم کے ارکان سے ملاقات کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر مبارک با د پیش کی۔
نیول چیف نے متعلقہ افسران اور ان کی ٹیم کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کالج قومی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کا کردار سب سے زیادہ اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے اساتذہ کیڈٹس کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔
کیڈٹ کالج اورماڑہ کی بنیاد جون 2012ء میں رکھی گئی جبکہ تدریسی عمل کا آغاز 2013 میں عارضی بنیادوں پر قائم کی گئی عمارت سے کیا گیا۔ کیڈٹ کالج کی تعمیر کا مقصد معیار ی تعلیم و تربیت کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو قومی معاشی و معاشرتی دھارے میں شامل کرکے ملک کے دیگر صوبوں کے عوام کے برابر لانا ہے تاکہ وہ قومی خدمت اور تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں ۔
کالج کے آغاز سے اب تک کیڈٹس کے 5 بیچ داخل ہو چکے ہیں۔ تدریسی بلاک کے علاوہ کیڈٹ کالج کی نئی عمارت میں ہاسٹل ، سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز، آڈیٹوریم ، شوٹنگ رینج،لائبریری، کھیلوں کے میدان اور مسجد بھی شامل ہوں گے۔
قبل ازیں چیف آف نیول اسٹاف نے اورماڑہ نیول ائیر اسٹیشن میں نئے رن وے کے تعمیراتی کام کے آغاز کی تقریب میں شرکت کی اور تختی کی نقاب کشائی کی۔ اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل عبدالعلیم نے بلوچستان میں نیول ائیر آپریشنز کے حوالے سے اس رن وے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اورحاضرین کو بتایاکہ اورماڑہ میں نئے رن وے کی تعمیر مغربی حصے کی جانب پاکستان نیوی کے توسیعی منصوبے کی آئینہ دار ہے۔
دونوں تقاریب میں پاک بحریہ کے افسران ، فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور سول انتظامیہ کے حکام، اساتذہ اومقامی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔