کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پاک افواج کی جانب سے پاک افغان بارڈر کے علاقے وادی راجگال میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن خیبر فور کے تحت کامیاب کاروائی اور ان علاقوں کو دہشتگردوں سے خالی کرواکے وہاں حکومت رٹ کو بحال کرنے پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے دہشتگردی کے خلاف کامیاب کاروائی قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ژوب کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خاتمے اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی کو بھی سراہاہے جوکہ دہشتگرد امکانی طور پر 14اگست کے موقع پر تخریبی کاروائیوں میں استعمال کرنا چاہتے تھے ۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک افواج ملک بھر میں دہشتگردی کے خلاف جس طرح کامیاب کاروائیاں کررہی ہیں اس کیلئے وہ پوری قوم کی جانب سے خراج تحسین کی مستحق ہے اور پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کے اس عمل میں اپنی بہادر افواج کی پشت پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور ترقی کے جاری عمل کو اسی وقت کامیاب بنایا جاسکتا ہے جب دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرکے امن وامان کو پوری طرح بحال کیا جائے اور اس عمل میں سیاسی قیادت اور پاک افواج ایک پیج پر ہیں اور انہیں پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت حاصل ہے۔
دہشت گردی کیخلاف کامیاب کارروائی پر پاک فوج خراج تحسین کی مستحق ہے، نواب زہری
وقتِ اشاعت : August 4 – 2017